ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / علما اور ائمہ کی عزت نہ کرنا قوم کی ذلت کا سبب :نازیہ الہیٰ خان

علما اور ائمہ کی عزت نہ کرنا قوم کی ذلت کا سبب :نازیہ الہیٰ خان

Wed, 29 Jun 2016 21:27:06    S.O. News Service

کولکاتا کے بیک بگان میں ائمہ کرام کیلئے جلسہ عزت افزائی اورعید تحائف کی تقسیم
کولکاتا29جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)علماء و ائمہ کرام کو رہبر و رہنما کا درجہ دیتے ہوئے ان کی عزت افزائی کو اپنی خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان نے کہاہے کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ائمہ حضرات کی عزت و تکریم بھی اپنے معمول کا حصہ بنائیں ۔ محترمہ خان یہاں25جون کو کلکتہ بوائز کلب ویلفیئرسوسائٹی کی جانب سے بیک بگان اور اطراف کی مساجد کے ائمہ کرام کی تکریم و عزت افزائی کیلئے منعقد ایک جلسہ سے خطاب کررہی تھیں ۔فورم فارآرٹی آئی ایکٹ اینڈ انٹی کرپشن کی چیئرپرسن نے کہا کہ ممتابنرجی کی قیادت میں قائم ہونے والی ترنمول کانگریس کی حکومت نے ائمہ کرام کو وظیفہ جاری کرکے اپنی سماجی ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ یہ ایک نیک کام ہے جسے مسلمانوں کو اجتماعی سطح سے کرناچاہئے تھا لیکن یہ کام حکومت کررہی ہے۔انہوں نے اقلیتوں اور مسلمانوں کیلئے ممتابنرجی کی حکومت میں ہونے والے کاموں کی تعریف وستائش کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تو یہ آغاز ہوا ہے مسلمانوں کیلئے یہ حکومت بڑے ترقیاتی منصوبے رکھتی ہے اوراسے مسلمانوں کی مدد سے ہی پورا کیاجائے گا۔ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان نے کہا کہ ہرانسان اپنے اندر خوبیوں کا خزانہ رکھتا ہے اپنی تخلیق میں کوئی کسی بھی لحاظ سے کم نہیں ہے انہوں نے اس دعویٰ کی دلیل میں حضرت موسیٰ کلیم اللہ ؑ اور اللہ رب العزت کے درمیان ہونے والے موسیٰ ؑ سے کم تر انسان کے سلسلے میں مکالمہ بھی سنایا اور کہا کہ ہم اپنے گریبان میں جھانک کردیکھیں کہ ہم آج کیاکررہے ہیں ہم من حیث القوم اپنے امام کے پیچھے صرف نماز پڑھنا جانتے ہیں ، اس کے علاوہ ان سے کوئی مطلب نہیں ہوتا ۔ہم اپنے اور اپنے اہل وعیال کیلئے عید، بقرعید اور دوسری خوشیوں کے موقع پر اچھے سے اچھے کپڑے بنواتے ہیں یا گھروں میں ہر طرح کے آرام و آسائش کی چیزیں رکھتے ہیں ، مگر ہمیں یہ معلوم کرنے کی توفیق نہیں ہوتی کہ اپنے محلے کے جس امام کے پیچھے نماز پڑھ رہے ہیں ،اس کی زندگی کن مسائل اور پریشانیوں میں الجھی ہوئی ہے؟ ان کے بیوی بچے کیا کھا پہن رہے ہیں ؟ان کی ضرورتوں کی تکمیل کس طرح سے ہو رہی ہے؟عید و بقرعید میں انہیں تحفے دینا تو دور، کھانا کھلانے میں بھی جان جاتی ہے۔ اگر کچھ کرتے ہیں تو تنقیدیں کہ امام صاحب مسجد میں نہیں رہتے، مسجد کی صفائی ستھرائی نہیں کرتے ،ٹیوشن پڑھانے چلے جاتے ہیں، فرضی رسیدیں چھاپ کر چندہ کرنے نکل جاتے ہیں‘ غیر قانونی‘ پیسہ کماتے ہیں‘ جھاڑ پھونک یا تعویز کا پیسہ لیتے ہیں‘ سیاسی اسٹیج پر چلے جاتے ہیں امام صاحب یہ کرتے ہیں امام صاحب وہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم للہ ائمہ کرام کو موضوع بناکرسیاست کرناچھوڑدیں اوران کی عزت کریں جب ہم اپنے رہنما اور قائد وہ دینی رہنما کی عزت نہیں کریں گے تو ہم دین و دنیا دونوں میں ذلیل و خوار ہوں گے۔انہوں نے اس موقع پر ادارہ کی جانب سے ائمہ کرام اورحفاظ میں عید الفطر کی مناسبت سے تحائف تقسیم کئے۔جلسہ میں ترنمول کانگریس لیڈر مختارعلی ‘ سنجے بخشی‘ محمدشبیر اور دیگربھی موجودتھے۔


Share: